دنیا
Time 02 مارچ ، 2021

سری لنکا کا بھارت اور جاپان کو تزویراتی اہمیت کی حامل بندرگاہ حوالے کرنےکا فیصلہ

سری لنکن حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے ٹرمینل کی تعمیر کے لیے صرف بھارت اور جاپان سے بات چیت جاری ہے،فوٹو: فائل

سری لنکا نے بھارت اور جاپان کو تزویراتی اہمیت کی حامل گہرے سمندر کی بندرگاہ حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق سری لنکن حکومت کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ سری لنکا کی جانب سے بھارت اور جاپان کو گہرے سمندر کی بندرگاہ حوالے کرنے کی پیشکش کی جائے گی اور یہ بندرگاہ تجارتی و دفاعی لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہوگی۔

خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرات کو روکنے کے لیے تجارتی طور پر توازن قائم کرنا چاہتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سری لنکن حکومت کی جانب سے گذشتہ ماہ اچانک ایک معاہدہ سامنے لایا گیا تھا جس کے تحت جاپان اور بھارت مشترکہ طور پر کولمبو میں ایسٹ کنٹینر ٹرمینل تیار کریں گے جب کہ اس کے قریب ہی 500 ملین ڈالر سے تیار کی گئی کنٹینر جیٹی ہے جو کہ چین کے زیرانتظام ہے۔

سری لنکن حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے ٹرمینل کی تعمیر کے لیے صرف بھارت اور جاپان سے بات چیت جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جاپان اور بھارت کو بندرگاہ کا 85 فیصد شیئر دیا جائے گا اور انہی بنیادوں پر یہ معاہدہ ہوگا جن پر چین کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔

تاہم یہ بات واضح نہیں ہےکہ جاپان اور بھارت آپس میں کتنا حصہ رکھیں گے۔

سری لنکن حکومت کے مطابق کولمبو میں بھارتی ہائی کمشنر نے سری لنکن حکومت کی پیشکش منظور کرلی ہے تاہم جاپان اور بھارت کی جانب سے اس حوالے سے ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

مزید خبریں :