دنیا
Time 05 مارچ ، 2021

امریکا: 5 ماہ میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 40 ہزار سے کم کیسز رپورٹ

فوٹو: فائل

امریکا میں 5 ماہ میں پہلی بار ایک روز میں عالمی وبا کورونا کے 40 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں شہریوں کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا عمل جاری ہے اور کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں آہستہ آہستہ کمی آتی جا رہی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں 5 ماہ میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 40 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 کروڑ 95 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جب کہ 5 لاکھ 33 ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب امریکی ریاست الاباما میں ماسک لازمی پہننے کی پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔

ادھر ہنگری میں صورتحال خراب ہونے پر لاک ڈاؤن میں سختی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ یوکرین میں نیا لاک ڈاؤن لگانے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

اٹلی میں کورونا وبا کے باعث بلدیاتی انتخابات موسم گرما کے بعد تک ملتوی کر دیے گئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے آکلینڈ میں اتوار سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جاپان نے ٹوکیو میں ہنگامی صورتحال میں 21 مارچ تک توسیع کر دی جب کہ جنوبی کوریا میں فائزر کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 11 کروڑ 62 لاکھ 32 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ 25 لاکھ 82 ہزار کے قریب افراد جانوں سے ہاتھ بھی دھو چکے ہیں۔

مزید خبریں :