کھیل
Time 08 مارچ ، 2021

نوواک جوکووچ نے 311 ہفتوں تک نمبر ون پوزیشن پر رہ کر راجر فیڈررکا ریکارڈ توڑ دیا

جوکووچ نے 311 ہفتوں تک رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر براجمان رہ کر سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈررکا ریکارڈ توڑا ہے،فوٹو: فائل

عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے سب سے زیادہ عرصے تک ٹینس کی عالمی رینکنگ میں نمبر ایک کھلاڑی رہنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

سربیا کے نوواک جوکووچ نے 311 ہفتوں تک رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر براجمان رہ کر سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈررکا ریکارڈ توڑا ہے جو کہ 310 ہفتوں تک نمبر ایک پوزیشن پر قابض رہ چکے ہیں۔

سربیئن ٹینس اسٹارنے فروری 2020 میں اسپین کےرافیل نڈال سے پہلی پوزیشن چھینی تھی جس کے بعد وہ اب تک اس پوزیشن پر براجمان ہیں اور اس سے قبل وہ 5 مرتبہ سال بھر کے لیے پہلی پوزیشن پر قابض رہ چکے ہیں۔

نوواک جوکووچ نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں اپنے نئے ریکارڈ پر خوشی کا اظہار کرتے ہے آج کے دن کو بڑا دن قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں جوکووچ کا کہنا تھا کہ وہ ٹینس کے بڑے کھلاڑیوں کے رستے پر چلنے پر نہایت خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے ساتھ جگہ بنانا میرے بچپن کا خواب تھا، اور میں نے سیکھا ہے کہ اگر آپ کسی کام کو محنت اور مکمل جذبے سے کریں تو سنب کچھ ممکن ہے۔

خیال رہے کہ 33 سالہ نوواک جوکووچ 18 مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں اور فروری میں ہی انہوں نے آسٹریلین اوپن ٹینس جیتا تھا۔

ان کے علاوہ راجرفیڈرر اور رافیل نڈال 20،20 بار گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں اور  راجر فیڈرر 40 اور نڈال 34 سال کے ہیں۔

مزید خبریں :