وزیراعظم کو سینیٹ الیکشن میں ٹوٹنے والے17 ارکان کے نام معلوم ہیں، شیخ رشید

سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت ہوئی اور ٹوٹنے والوں میں سے 13 ارکان نے پیسے لیے، وفاقی وزیر داخلہ— فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ  وزیراعظم عمران خان کو سینیٹ الیکشن میں ٹوٹنے والے 17 ارکان کے نام معلوم ہیں۔

شیخ رشید کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ہمیں ملنے والے 17 ووٹ ٹوٹے اور وزیراعظم عمران خان کو ٹوٹنے والے ان 17ارکان کے نام معلوم ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت ہوئی اورٹوٹنے والوں میں سے 13 ارکان نے پیسے لیے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔

حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔

قومی اسمبلی کے ریٹرننگ افسر کے مطابق 340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔

ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھاکہ ایوان میں 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

مزید خبریں :