میگھن اور ہیری کا انٹرویو ریٹنگ میں گولڈن گلوب اور ایمی ایوارڈز سے بھی آگے

فوٹو: ویڈیو اسکرین گریب

برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کا امریکی میزبان اوپرا ونفری کو دیا گیا انٹرویو جہاں برطانوی خاندان کے بہت سے رازو نیاز سے پردہ اٹھانے کا سبب بنا وہیں اس نے آسکرز کے بعد سب سے زیادہ اہمیت کے حامل گولڈن گلوب ایوارڈ اور امریکا میں ٹیلی ویژن کی دنیا کے سب سے معتبر ترین ایمی ایوارڈ جیسی تقریبات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سی بی سی پرائم ٹائم اسپیشل کے پیش کردہ اوپرا ونفری کے شو میں ہیری اور میگھن مارکل کے انٹرویو کے دن ناظرین کی تعداد میں بہترین اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ 70 لاکھ سے بھی زائد افراد یہ جاننے کے لیے شو میں دلچسپی لے رہے تھے کہ آیا میگھن اور ہیری کیا کہیں گے۔

2گھنٹے کے خصوصی پروگرام میں 18 سے 49 سال کے درمیانی عمر کے افراد کی 2.6ریٹنگ ریکارڈ کی گئی اور جب انٹرویو کا موازنہ گزشتہ ایمی اور گولڈن گلوب ایوارڈز سے کیا گیا تو انٹرویو ریٹنگ میں دنیا کی مقبول ترین ایوارڈ تقریبات کو بھی پیچھے چھوڑ چکا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں منعقد کیے جانے والے ایمی ایوارڈ کے ناظرین کی تعداد 6.4 ملین جب کہ 1.3 ریٹنگ تھی اور حال ہی میں گولڈن گلوب ایوارڈ کے ناظرین کی تعداد 6.4 ملین اور 1.5 ریٹنگ تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شہزادہ ہیری کی والدہ شہزادی ڈیانا کا 1995 میں غیر ملکی صحافی کو دیے گئے انٹرویو نے بھی 23 ملین ناظرین کے ساتھ ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔

مزید خبریں :