ملالہ نے ایپل کے ساتھ پارٹنر شپ کرلی

فوٹو: فائل 

امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے ڈراموں، بچوں کے لیے سیریز اور دستاویزی فلموں کی پیشکش کے لیے ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے ساتھ شراکت داری کر لی۔

ایپل نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنی بلاگ پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ 23 سالہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کی پروڈکشن کمپنی ’ایکسٹرا کریکیولر‘ نے ایپل ٹی وی کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

ملالہ نے غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس شراکت داری کے ذریعے میں اس پلیٹ فارم پر نئی آوازیں لاسکوں گی، مجھے امید ہے کہ میرے ذریعے زیادہ سے زیادہ نوجوان اور لڑکیاں ان شوز کو دیکھیں گے اور اس سے متاثر ہوں گے۔

ملالہ کا کہنا تھا کہ میں اسٹوری ٹیلنگ (کہانی بتانے) پر یقین رکھتی ہوں کیونکہ یہ میری زندگی کا حصہ رہی ہے، یہ میری کہانی تھی جس نے دنیا بھر کے بے شمار لوگوں کو یہ احساس دلایا کہ تمام لڑکیوں کو تعلیم تک رسائی حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ تمام لڑکیوں اور خواتین کو اپنے آپ پر اور اپنی زندگی میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر فخر کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ ایپل کمپنی نے 2015 میں ملالہ یوسفزئی کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم پیش کی تھی اور 2018 ملالہ فنڈز کے ساتھ مل کر دنیا بھر کی لڑکیوں کے لیے سیکنڈری تعلیم کو فروغ دیا۔

مزید خبریں :