کیا آپ بھی بلیوں کی موجودگی میں دفتر کا کام کرنا چاہتے ہیں؟

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل 

پالتو جانور  انسان کے دل سے بہت قریب ہوتے ہیں اور مالک کا دل کرتا ہے کہ وہ جہاں بھی جائیں اپنے ساتھ اپنے پالتو جانور کو بھی لے کر  جائیں۔

عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں بے شمار ایسے دفتر ہیں جنہوں نے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دی ہے۔

متعدد لوگ ایسے ہیں جنہیں اپنے گھر میں دفتر کے کام انجام دینے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ گھر میں دفتر والا ماحول میسر نہیں ہوتا۔

تمام تر صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کیفے نے بلیوں کے تحفظ کرنے والے ادارے کے ساتھ مل کر ورک اسپیس کا قیام کیا ہے جس کا نام ’کیٹ بیورو‘ رکھا گیا ہے۔

’کیٹ بیورو’ میں آنے والے صارفین کو ایک گھنٹے کا 7 ڈالر معاوضہ دینا ہوتا ہے جس کے بعد انہیں وائی فائی، کافی اور  چائے بھی پیش کی جاتی ہے اور  کیٹ بیورو میں کام کرنے والے افراد کو وہاں بلیاں بھی گھومتی پھرتی نظر آتی ہیں۔

جانوروں کے تحفظ کے لیے سٹی فنڈ کی سربراہ یکاترینا دیمترییوا کا کہنا ہے کہ ماسکو میں کوئی بھی ایسی جگہ موجود نہیں تھی جہاں کوئی بھی شخص بلیوں کی موجودگی میں اپنے دفتر کا کام سر انجام دے سکے،  اس لیے ہم نے اس حوالے سے ایک سماجی پروجیکٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک جگہ ہے جہاں پر آپ کے اردگرد بلیاں کھیل کود رہی ہوں گی اور وہاں بیٹھ کر آپ بلیوں کی موجودگی میں اپنے دفتر کا کام بھی کر سکیں گے۔