10 دن کی شوٹنگ کے 43 کروڑ لینے والا نیا اداکار

— فائل فوٹو

بھارتی اداکار کارتک آریان نے رام مدھوانی کی فلم 'دھماکا 'کی شوٹنگ صرف 10 دن میں مکمل کرکے بالی وڈ میں تاریخ رقم کر دی اور اس کے عوض انہوں نے بھاری رقم وصول کرکے اپنے ہم عصر اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ، کارتک آریان نے فلم دھماکا کی 10 روزہ شوٹ مکمل کرنے کے لیے 20 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 43 کروڑ پاکستانی روپے ) کی فیس لی۔

واضح رہے کہ کارتک آریان نے اپنی پہلی فلم 'پیار کا پنچ نامہ'کے لیے صرف ایک لاکھ 25 ہزار روپے (یعنی تقریباً پونے تین لاکھ روپے پاکستانی ) وصول کیے تھے۔

فلمی ناقدین اب کارتک آریان کا موازنہ اکشے کمار سے کر رہے ہیں کیونکہ صرف نو فلموں کے بعد ، 20 کروڑ کی فیس اداکار کے کیریئر کے اہم مقام کی نمائندگی کرتی ہے۔

اکشے کمار اور کارتک دونوں ایک ہی پس منظر سے آئے ہیں۔ دونوں ایک پنجابی گھرانے سے ہیں اور دونوں کا نہ تو کوئی گاڈ فادر ہے اور نہ ہی فلموں میں ان کا کوئی تعلق ہے لیکن دونوں کا جادو بالی ووڈ میں چل رہا ہے۔

دوسری جانب اکشے کی فیس 9 فلموں کے بعد کارتک کے 20 کروڑ کے قریب نہیں تھی۔

کارتک کے کیریئر میں فلم 'سونو کے ٹیٹو کی سویٹی 'اہم موڑ تھی۔ ایروز ناؤ(Eros Now) نے کارتک کو 90 کروڑ میں 3 فلموں کی پیش کش کی ہے جو اطلاعات کے مطابق انہوں نے ٹھکرا دی ہے۔ ایسی صورتحال میں ، یہ بات واضح ہے کہ کارتک آج سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار بن رہا ہے۔

یاد رہے کہ کارتک آریان اس وقت کورونا وائرس کا شکار ہیں جس کی وجہ ان کی آئندہ فلموں کی مزید شوٹنگ رکی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :