عالمی ماحولیاتی کانفرنس پر دفترخارجہ کا مؤقف سامنے آگیا

امریکا کی سربراہی میں آئندہ ماہ ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس سے متعلق دفترخارجہ کا مؤقف سامنے آگیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے عزم اور وزیراعظم کی قیادت کو دنیا میں سراہا گیا۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بلین ٹری سونامی جیسے اہم اقدامات نے عالمی اقتصادی فورم سمیت بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی، پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلی کے مباحثے کی تشکیل کیلئے تعاون کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے گزشتہ سال ملٹی بلین ڈالر گرین کلائمٹ فنڈ کی مشترکہ صدارت بھی کی تھی۔ 

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی ہمارے دورکا ایک چیلنج ہے، مقابلہ جامع تعاون اور مستقبل کی پالیسیوں کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے اور پاکستان اس لڑائی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔

خیال رہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے امریکا کے صدر جوبائیڈن نے عالمی کانفرنس کا اعلان کیا ہے جس میں دنیا بھر سے 40 سربراہان مملکت کو مدعو کیا گیا ہے۔

یہ ورچوئل سمٹ 22 اور 23 اپریل کو ہوگی جس کی میزبانی امریکا کرے گا۔

امریکا کی جانب سے جن ممالک کے سربراہان مملکت کو دعوت دی گئی ہے، اُس میں چین، روس، کینیڈا، جاپان، برطانیہ، بھارت، بنگلادیش، ویتنام، انڈونیشیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کینیا، نائیجیریا اور بھوٹان سمیت دیگر شامل ہیں۔

امریکی صدر کی جانب سے جن ممالک کو دعوت دی گئی اُن میں پاکستان شامل نہیں۔

مزید خبریں :