سابق ایس ایس پی جامشورو انور کھیتران کا سندھ سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تبادلہ منسوخ

سابق وزیر کی درخواست پر اعلی ترین شخصیت نے مداخلت کی اور انور کھیتران کے صوبہ بدری کے احکامات ختم کردیے گئے، ذرائع— فوٹو:فائل 

ایک مقدمے کے اندراج پر اپنے عہدے سے ہٹنے اور سندھ سے جبری بھیجے جانے والے سابق سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جامشورو انور کھیتران کے صوبہ بدری کے احکامات منسوخ کردیے گئے۔

سندھ کے اہم ضلعےجامشورو کے سابق ایس ایس پی گریڈ 19کے افسر انور کھیتران کا سندھ سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تبادلہ منسوخ کردیاگیا ہے۔

اس سلسلے میں جیونیوز کے رابطہ کرنے پر سینٹرل پولیس آفس حکام نے خبر کی تصدیق کی ہے اور ذرائع دعویٰ کرتے ہیں کہ جامشورو میں سابق وزیر کے کہنے پر درج مقدمے پر انور کھیتران سے اہم شخصیات ناراض تھی اوراسی ناراضی پرانھیں ایس ایس پی جامشورو کے عہدے سے نہ صرف ہٹایا گیا تھا بلکہ انکی خدمات بھی وفاق کے حوالے کردی گئی تھی۔

ذرائع مزید دعویٰ کرتے ہیں کہ اس دباؤ کے پیچھے سندھ کی اعلیٰ شخصیت، مقامی رکن صوبائی اسمبلی اور کاروباری شخصیت تھی تاہم جس سابق وزیر کےکہنے پر مقدمہ درج کیاگیا تھا انہی کی درخواست پراعلیٰ ترین شخصیت نے مداخلت کی اور انور کھیتران کے صوبہ بدری کے احکامات واپس لے لیے گئے۔

ذرائع مزید دعویٰ کرتے ہیں کہ نہ صرف یہ تبادلہ رکا بلکہ اعلیٰ شخصیت کی خواہش کے برعکس جامشورو میں ایک دوسرے افسر کو بھی تعینات کیا گیا ہے، سندھ کی اعلٰی شخصیت ایک اور پولیس افسر سے بھی ناراض تھی تاہم اسکی تعیناتی بھی ہوگئی۔

مزید خبریں :