دنیا
Time 30 مارچ ، 2021

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں رمضان کے دوران اجتماعی افطار و اعتکاف پر پابندی

حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) میں رمضان المبارک کے دوران اجتماعی افطار اور اعتکاف پر پابندی برقرار رہے گی۔

حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی جانب سے رواں سال رمضان المبارک میں عالمی وبا کورونا وائرس کی مناسبت سے دونوں مساجد کا پلان جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن پلان کے تحت مسجد الحرام میں نماز کیلئے مشرقی صحن سمیت پانچ مقامات کا تعین کیا گیا ہے اور خصوصی افراد کی عبادت کیلئے الگ جگہ رکھی گئی ہے جبکہ عمرہ معتمرین کو پورے ماہ پہلی منزل سے طواف کرنے کی اجازت ہوگی۔

جاری بیان کے مطابق زائرین ایس او پیز کی پابندی کریں اور ویکسین لگوائیں جبکہ زائرین سماجی فاصلے کی پابندی و حفاظتی ماسک پہنیں۔

سربراہ حرمین انتظامیہ کا کہنا تھاکہ صحن مطاف کا ایک حصہ عمرہ زائرین کیلئے مختص ہوگا۔

سربراہ حرمین انتظامیہ کے مطابق حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) میں رمضان کے دوران اجتماعی افطار واعتکاف پر پابندی برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال  کورونا کے باعث حرمین شریفین میں رمضان کے دوران اجتماعی افطار اور اعتکاف پر پابندی لگائی گئی تھی۔

مزید خبریں :