پاکستان
Time 02 اپریل ، 2021

ڈسکہ الیکشن کی شفافیت کے انتظامات یقینی بنائے جائیں: چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت

فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخابات کو شفاف اور غیرجانبدارانہ بنانے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخابات دوبارہ کروانے کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ این اے 75 کے الیکشن کے لیے انتظامات کوحتمی شکل دی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن پنجاب کا دفتر ہفتے اور اتوار کو بھی کھلا رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کے متعلقہ ونگز بھی ہفتے اور اتوار کو کھلے رکھے جائیں۔

سکندر سلطان راجا نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کریں تاکہ این اے 75میں ضمنی انتخاب صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ ہونا یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن کے دوران جو کوتاہیاں ہوئیں وہ دوبارہ نہ ہوں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں جسے مسلم لیگ نے الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کی درخواست پر این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم جاری کیا تھا تاہم الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سپریم کورٹ نے 10 اپریل کو دوبارہ ضمنی انتخاب کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا تھا تاہم اب سپریم کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ ضمنی الیکشن کروانے کا حکم دے دیا ہے۔

مزید خبریں :