پاکستان
Time 04 اپریل ، 2021

’اپنی اجازت اپنے پاس ہی رکھیں‘، مریم کا شیخ رشید کے بیان پر ردعمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ ان سے کہا کس نے ہے نام نکالنے کو؟ اگر یہ مجھے زبردستی باہر بھجوانے کیلئے ڈرامہ رچانا چاہ رہے ہیں تو ایک بار پھر کان کھول کر سن لیں، نا صرف یہ کہ میں کہیں نہیں جا رہی بلکہ اس جعلی اور ووٹ چور وزیر اعظم جس کو میں مانتی ہی نہیں، اس سے کسی قسم کی درخواست کرنے کا سوچنا بھی گناہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی ای سی ایل  اور اپنی اجازت اپنے پاس ہی رکھیں بلکہ محفوظ رکھیں کیونکہ بہت جلد آپ کو خود اس کی ضرورت پڑنے والی ہے اور آپ کے تو جرائم بھی اصل ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا تھاکہ ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے مریم نواز کی کوئی درخواست نہیں آئی، عمران خان سے پوچھا تھاکہ مریم نام نکالنے کی اگر درخواست دیں تو انہوں نےجواب دیا کہ سوال ہی نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :