پاکستان
Time 05 اپریل ، 2021

پنجاب میں بھی حکومتی ارکان پکڑلیں تو حمزہ وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں، شاہد خاقان کا طنز

سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تجویز پر طنز کیے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان کا کہنا تھاکہ پنجاب میں بھی حکومتی بنچزسے حکومتی ارکان پکڑلیں تو حمزہ شہباز وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ماضی میں اپوزیشن کو توڑ کر حکومت کو ارکان دیے جاتے تھے لیکن اس بار حسب ذائقہ حکومت سے ارکان اپوزیشن کو دیے گئے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی 5 ایم پی ایز کے ساتھ پنجاب میں وزیراعلیٰ کا فیصلہ کرنا چاہتی ہے، ایسا اس صورت میں ممکن ہے جب حکومت ان کا ساتھ دے۔

انہوں نے پیپلزپارٹی کو فرینڈ لی اپوزیشن کا طعنہ دیا اور کہا کہ عوام کو سینٹ میں فرینڈلی نہیں حقیقی اپوزیشن چاہیے جو انہیں ملے گی ۔

شاہد خاقان عباسی نے وفاقی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ جنوبی پنجاب سے متعلق پی ٹی آئی کی نیت عوام کے سامنے آگئی، تین سال بعد بھی نہ جنوبی پنجاب صوبہ بنا، نہ بہاولپوراور نہ ہزارہ پر بات ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اورافسروں کے اختیارات پر بار بار نوٹیفکیشن جاری کرکے یوٹرن پر یوٹرن لیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :