دنیا
Time 05 اپریل ، 2021

پیوٹن نے 2036 تک اپنے صدر رہنے کی راہ ہموار کرلی

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدارتی مدت سے متعلق نئے قانون پر دستخط کر دیے۔

نئے قانون کے تحت چوتھی بار روس کے صدر بننے والے ولادیمیر پیوٹن پانچویں اور چھٹی بار بھی صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔

چوتھی بار روس کا صدر منتخب ہونے والے پیوٹن کی مدت صدارت 2024 میں ختم ہو رہی ہے، پیوٹن 1999 سے 2008 تک دو بار روس کے صدر رہے، اس کے بعد 2012 اور 2018 میں صدارتی انتخاب جیت کر تیسری اور چوتھی بار روس کے صدر بنے ہیں۔

نئے قانون کے تحت روس میں اگلی دو مدت کیلئے ہونے والے صدارتی انتخابات میں بھی منتخب ہونے کی صورت میں پیوٹن 2036 تک روس کے صدر رہ سکتے ہیں۔

گزشتہ سال صدارتی مدت کے قانون میں تبدیلی کیلئے روسی عوام سے ریفرنڈم میں منظوری لی گئی تھی اور نئے قانون کا بل گزشتہ ماہ ہی روسی پارلیمان میں بھی منظور کر لیا گیا تھا۔

روسی آئین کے مطابق کوئی بھی شخص صرف دو بار ہی 6،6 سال کی مدت کیلئے صدارت کے عہدے پر رہ سکتا تھا تاہم اب مذکورہ آئینی اصلاحات میں پیوٹن کے عہدہ صدارت پر رہنے کی مدت کو صفر کردیا گیا ہے لہٰذا وہ مزید 2 بار عہدہ صدارت پر براجمان ہونے کے اہل ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :