پاکستان
Time 07 اپریل ، 2021

جج قتل کیس، پشاور ہائیکورٹ نے لطیف آفریدی کی عبوری ضمانت منظور کرلی

عدالت نے عبدالطیف آفریدی ایڈووکیٹ کو ایک لاکھ روپےکے مچلکےجمع کرانےکا بھی حکم دیا— فوٹو:فائل 

پشاور ہائیکورٹ نے انسدا دہشت گردی عدالت سوات کے جج آفتاب آفریدی قتل کیس میں نامزد ملزم سینیئر وکیل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبد الطیف آفریدی کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔

پشاور ہائیکورٹ میں انسداد دہشت گردی عدالت سوات کے جج آفتاب آفریدی قتل کیس میں نامزد ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست پر جسٹس لعل جان خٹک نے سماعت کی۔

عدالت نے ملزم صدر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن عبدالطیف آفریدی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

گزشتہ دنوں صوابی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب آفریدی کو ان کے خاندان کے تین افراد سمیت فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

واقعے کے خلاف درج ایف آئی آر میں سپریم کورٹ بار کے صدر لطیف آفریدی اور ان کے بیٹے کو نامزد کیا گیا تھا جس پر لطیف آفریدی کی جانب سے ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست دی گئی تھی۔

مزید خبریں :