فخرزمان نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید ریکارڈز اپنے نام کرلیے

فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید ریکارڈز  اپنے نام کرلیے۔

30 سالہ فخر زمان نے بدھ کو سینچورین میں 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے ساتھ ہی وہ اپنے کیریئر کی ابتدائی 50 اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، انہوں نے اس فہرست میں ظہیر عباس کو بھی پیچھے چھوڑدیا۔

ایشین بریڈ مین کے نام سے مشہور ظہیر عباس نے کیریئر کی ابتدائی 50 ون ڈے اننگز میں 2 ہزار 234 رنز بنائے تھے، فخر زمان نے بدھ کو اپنے ون ڈے کیریئر کی پچاسویں اننگز کھیلی جس کے اختتام پر ان کے مجموعی رنز کی تعداد 2 ہزا ر 262 ہوگئی ۔

 دنیا کے تمام بیٹسمینوں میں صرف ہاشم آملہ نے ابتدائی 50 اننگز میں فخر زمان سے زیادہ رنز کیے ہیں،جنوبی افریقی کرکٹر نے 50 اننگز میں 2 ہزار 4 سو 86 رنز بنائے تھے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ابتدائی50میچز میں 2 ہزار129 رنز بنائے تھے۔

اس میچ کے دوران فخر زمان نے امام الحق کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت قائم کی جو ان دونوں کے درمیان پانچویں سینچری شراکت ہے۔

یوں فخر زمان اور امام الحق پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سینچری شراکت بنانے والا پیئر بن گیا۔

ان سے قبل ناصر جمشید، محمد حفیظ اور عمران فرحت ، یاسر حمید کے درمیان چار ، چار سینچری اوپنگ شراکت بنیں جب کہ سعید انور اور عامر سہیل کے درمیان تین مرتبہ پہلی وکٹ پر سنچری شراکت بنیں۔

مزید خبریں :