پاکستان
Time 07 اپریل ، 2021

حکومت کا تحریک لبیک کے مطالبات پر مشتمل قرارداد پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مطالبات پر مشتمل قرارداد عید سے قبل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان کی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور نور الحق قادری شریک ہوئے ۔

اجلاس میں تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کی حکمت عملی پر غور  کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹی ایل پی کے مطالبات پر مشتمل قرارداد عید سے قبل پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی جبکہ تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے پر عمل درآمد کیلئے کمیٹی دیگر جماعتوں سے بھی بات کرے گی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل حکومت نے تحریک لبیک سے معاہدے پرعمل درآمد کیلئے  کمیٹی تشکیل دی تھی۔

وہیں 11 فروری 2021 کو وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان سے ہماری بات ہوئی ہے، تحریک لبیک نے فروری کی ڈیڈ لائن ختم کر کے 20 اپریل کر دی ہے، معاہدے کے تحت تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں رکھیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر فرانسیسی سفیر کی ملک بدری، توہینِ رسالت ﷺ بل کی منظوری اور فرانسیسی اشیاء پر پابندی کے مطالبات کر رکھے ہیں۔

مزید خبریں :