پاکستان
Time 09 اپریل ، 2021

ڈسکہ الیکشن، دھاندلی میں ملوث افسران کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے، حمزہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں دھاندلی میں ملوث سرکاری افسران اور مینڈیٹ پر شب خون مارنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

ایک بیان میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میں الیکشن ڈیوٹی پر تعینات افسران اور عملہ ڈسکہ کے عوام اور ووٹ کی حفاظت یقینی بنائیں تاہم دھاندلی کرانے کا حکومتی حکم ملے تو الیکشن ڈیوٹی پر مامور افسران اور عملہ اسے ماننے سے انکار کردے۔ 

انہوں نے کہا کہ انتخابی ووٹ اور ڈبے کے ساتھ کھلواڑ عوام اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہو گا۔

حمزہ کا کہنا تھاکہ خبردار کرتا ہوں کہ عوام ایسی کسی بھی کوشش کی سخت مزاحمت کریں گے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کہ کہ کاؤنٹر فائلز کی کڑی نگرانی کی جائے،  الیکشن کمیشن کا عملہ یقینی بنائے کہ کاؤنٹر فائلز ووٹ کی پرچی کے سیریل نمبر کے ساتھ میچ ہو۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ صرف ڈسکہ کا نہیں، پورے پاکستان کا الیکشن ہے، ووٹ چوروں کی شکست ان کی اقتدار سے روانگی کا ذریعہ بنے گی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ عوام ووٹ کے ذریعے مہنگائی اور بے روزگاری کا ظلم ڈھانے والے لٹیرے حکمرانوں کو مسترد کرے، ڈسکہ کے عوام کا ہر ووٹ کشمیر فروش، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چور کرپٹ ٹولے سے نجات کا باعث بنے گا،  ہر شہری، کارکن اور سپورٹر ووٹ کا پہرہ دے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت غنڈہ گردی، غیرقانونی اور چور ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔

مزید خبریں :