پاکستان
Time 11 اپریل ، 2021

گیلانی کی اپوزیشن لیڈر سینیٹ سے مستعفی ہونےکی پیشکش پارٹی نے مسترد کردی

یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ سے مستعفی ہونےکی پیشکش کی جسے پارٹی نے مسترد کردیا۔

ذرائع کے مطابق سی ای سی اجلاس میں یوسف رضا گیلانی نے پارٹی کو اپوزیشن لیڈر سینیٹ سے مستعفی ہونےکی پیشکش کرتے ہوئےکہاکہ ہم نے جمہوریت کےلیے جانیں اور قربانیاں دیں ہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پر ایسے الزامات نہیں لگائے جاسکتے جن میں کوئی حقیقت نہ ہو۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہےکہ سی ای سی نے متفقہ طور پر یوسف رضا گیلانی کی مستعفی ہونے کی تجویز مستردکردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے تجویزکی مخالفت کی۔

سی ای سی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈرسینیٹ پیپلز پارٹی کا عہدہ ہے اور اس بارے میں پارٹی ہی فیصلہ کرے گی۔

خیال رہےکہ بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دیگر امور سمیت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے شوکاز نوٹس کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے شرکاء کو پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی کا بھیجا گیا شوکاز نوٹس پڑھ کر سنایا اور اس کے بعد انہوں نے شوکاز نوٹس کوپھاڑ کر پھینک دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی جانب سے شوکاز نوٹس پھاڑے جانے پر سی ای سی کے شرکاء کی جانب سے تالیاں بھی بجائی گئیں۔

اس موقع پر بلاول کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لیےکرتے ہیں، عزت سے بڑھ کرکچھ نہیں۔

یاد رہےکہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ووٹ مانگنے پر پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے جس پر پی پی پی نے سخت ردعمل اور اے این پی نے اتحاد سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :