کھیل
Time 12 اپریل ، 2021

شاہنواز دھانی جوفرا آرچر کی طرح تگڑا بولر بننے کے خواہشمند

زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نوجوان فاسٹ بولر شاہنواز دھانی انگلینڈ کے جوفرا آرچر کی طرح تگڑا بولر  بننے کے خواہشمند ہیں۔

شاہنواز دھانی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھائی تو سب کی توجہ کا مرکز بن گئے اور پھر پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ان کی شناخت بن گیا، پی ایس ایل میں انہوں نے اپنے انداز سے خاصی شہرت حاصل کی اور اب شاہنواز دھانی زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

نوجوان فاسٹ بولر کہتے ہیں کہ میرا خواب تھا کہ میں جلد از جلد پاکستان کی نمائندگی کروں، میں خوش ہوں کہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا، اگر موقع ملا تو ڈیبیو پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اس وقت کوچز کے ساتھ مل کر سوئنگ پر کام کر رہا ہوں، میں ایک نہیں تینوں فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہوں۔

شاہنواز دھانی کہتے ہیں کہ ہر بولر کا کوئی نا کوئی رول ماڈل ہوتا ہے، پہلے شین بونڈ میرے فیورٹ تھے انہیں دیکھتا تھا لیکن وہ ریٹائر ہو گئے، اب جوفرا آرچر رول ماڈل ہیں، انہیں کاپی کرتا ہوں اور ان کی طرح بننا چاہتا ہوں۔

دھانی کا کہنا ہے کہ یہاں تک کا سفر آسان نہیں ہے، والد کو میرا کھیلنا پسند نہیں تھا، وہ چاہتے تھے کہ پڑھائی پر توجہ دوں اور نوکری کروں لیکن مجھے کرکٹ کا بہت شوق تھا، کھیل کے ساتھ گاؤں میں کام بھی کیا جو سب کرتے ہیں، گاؤں میں دکان پر کام کرتا رہا، کھیتی باڑی کی اور امرود کے باغ میں بھی کام کیا۔

مزید خبریں :