دنیا
Time 13 اپریل ، 2021

جوہری مرکز پر حملہ: ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا کو خبردار کردیا

فائل فوٹو

تہران: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے خبردار کیا ہےکہ ایران پر عائد پابندیاں اور حملے امریکا کو کوئی فائدہ نہیں پہنچائیں گی۔

تہران میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ نطنز کے جوہری مرکز پر تازہ حملہ اور پابندیاں امریکا کو ایران کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے بات چیت میں فائدہ نہیں دے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران جوہری معاہدے سے متعلق ایکشن پلان پر واپس آنے کے لیے پوری طرح تیار ہے لیکن اس کے لیے امریکا کی جانب سے ایران پر عائد یکطرفہ پابندیاں اٹھائے جانے کی تصدیق کی ضرورت ہے۔

جواد ظریف نے مزید کہا کہ امریکیوں کو یہ پتا ہونا چاہیے کہ سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی پابندیاں یا عمل اسے مذاکرات کا ہتھیار فراہم نہیں کرے گا جب کہ یہ سب کچھ اس کے لیے صورتحال کو مزید مشکل بنادے گا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اگر امریکا اس احمقانہ کھیل کے نتائج روکنا چاہتا ہے تو وہ لازمی ٹرمپ کی معاشی دہشتگردی پر غور کرے اور ساتھ ہی تمام پابندیاں اٹھائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ جوہری مرکز پر حملے سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

مزید خبریں :