پاکستان
Time 14 اپریل ، 2021

جتھوں سے ریاست نہ کبھی پہلے بلیک میل ہوئی نہ آئندہ ہوگی، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پورے ملک میں تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک روانی سے جاری ہے، جتھوں سے ریاست نہ کبھی پہلے بلیک میل ہوئی نہ آئندہ ہوگی۔

اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے ہمارا فخر ہیں، پوری دنیا میں وردی پہنے افراد ریاست کی عزت اور بقاء کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی عزت اورناموس کا تحفظ ہر شہری پر ایسے ہی لازم ہے جیسے ریاست سے وفاداری کا اصول ہوتا ہے اور جن لوگوں نے یہ اصول پامال کیا وہ قومی مجرم ہیں اور ان سے وہی سلوک ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ پورے ملک میں تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک روانی سے جاری ہے، جتھوں سے ریاست نہ کبھی پہلے بلیک میل ہوئی نہ آئندہ ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ جمہوریت میں مختلف حلقوں کو نقطہ نظر کی اجازت ہوتی ہے، آپ حکومت کو بزور طاقت بلیک میل نہیں کرسکتے، پولیس اور اداروں پر تشدد میں ملوث مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

مزید خبریں :