پاکستان
Time 16 اپریل ، 2021

تمام سفارتکاروں کی سیکیورٹی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، ترجمان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان فون پر بات ہوئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ— فوٹو:فائل 

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ تمام سفارتکاروں کی سیکیورٹی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں بتایاکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان فون پر بات ہوئی ہے، امریکی وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن کیلئے پاکستانی کردار کو سراہا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے حوالے سے پاکستان اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، پاکستان کا افغانستان صورتحال پر مؤقف بڑا واضح رہا ہے اور پاکستان افغان مذاکرات میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کشمیر میں بھارتی مظالم ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے، قابض فوج نے مزید 7 کشمیریوں کو شہید کر دیا،۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی برادری کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں امن و امان کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، تمام سفارتکاروں کی سیکیورٹی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں :