انو اگروال کا بالی وڈ میں قدم جمانے سے متعلق انکشاف

فوٹوفائل

بالی وڈ کی مقبول اداکارہ انو اگروال اگرچہ 1990 میں فلم عاشقی میں ڈیبیو کے ذریعے بھارت کی مقبول ترین اداکارہ بن گئی تھیں لیکن اس کے باوجود انڈسٹری میں ان کی مشکلات کا سفر  نا تھم سکا۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ماضی کی مقبول اداکارہ انو اگروال کا کہنا تھا کہ فلم عاشقی کی کامیابی کے بعد لوگ  آٹوگراف طلب کرتے تھے اور ایک جھلک دیکھنے کے لیے گھر کے باہر جمع ہو جاتے تھے لیکن اس کے باوجود میں ممبئی میں تنہا زندگی گزار  رہی تھی۔

انو اگروال کے مطابق ان کے پاس اس وقت معاشی اور معاشرتی طور پر سپورٹ کرنے والا کوئی نہیں تھا، اداکارہ کے مطابق میرا ایک بوائے فرینڈ تھا جو شہر سے باہر  تھااور طویل فاصلے کے سبب ہمارا رشتہ ختم ہو رہا تھا، میں بالکل تنہا اور  مشکل میں تھی۔

انواگروال نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ بعد ازاں میں نے باہر ملک جانے کا فیصلہ کیا اور  ایک بڑے ماڈلنگ پراجیکٹ کے لیے لاس اینجلس چلی گئی لیکن جب میں وہاں گئی اور  ان لوگوں سے ملی تو میں نے سوال کیا کہ آیا وہ مجھے میری سانولی  رنگت کے ساتھ مرکزی کردار دیں گے؟

اداکارہ کے مطابق وہاں گوری رنگت کی لڑکیوں کو  مرکزی کردار  دیا جاتا تھا لہٰذا میں نے فیصلہ کیا کہ جب میں (اس وقت) اپنے ملک میں سرفہرست اداکاراؤں میں شامل تھی تو میں کیوں زیادہ پیسوں کی خاطر معاون کردار نبھاؤں۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے پھر  اپنے ملک واپس جانے کا فیصلہ کیا اور  یوگا اور مراقبہ پر توجہ مرکوز کر دی۔

مزید خبریں :