کورونا کے باعث کمبھ میلہ نہیں ہونا چاہیے تھا، سونو نگم

فوٹو: فائل

بھارت میں کورونا وائرس کے حوالے سے بدترین صورت حال کے باوجود ہریدوار میں ہندوؤں کا کمبھ میلہ معمول کے مطابق جاری ہے جس پر مختلف بھارتی شخصیات نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

معروف بھارتی گلوکار سونونگم بھی اس حوالے سے بول پڑے ہیں اور سوشل میڈیا پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں کمبھ میلہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

سونو نگم کا کہنا تھا کہ وہ ایک ہندو ہیں اور وہ اپنے مذہب پر بات کرنے کا حق رکھتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کمبھ میلہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔


ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ اعتقاد کا معاملہ ہے پر دنیا بھر کی صورتحال کے حوالے سے میں کہوں گا کہ انسانی جان سے زیادہ کوئی بھی چیز اہمیت کی حامل نہیں ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کی تیسری لہر میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ چند دنوں کے دوران ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہریدوار میں اس سال کا کمبھ میلہ یکم اپریل سے شروع ہوا تھا جو کہ30 اپریل تک جاری رہے گا جس میں لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال جب بھارت میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا تو نئی دہلی میں تبلیغی جماعت کا اجتما ع جاری تھا اور متعصب بھارتی میڈیا اور انتہا پسندوں نے کورونا پھیلنے کا ذمہ دار تبلیغی جماعت کو قرار دیا تھا جس کے بعد پورے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :