آڈیشن میں بار بار ناکامی کے باعث خودکشی کا سوچتی تھی، بھارتی اداکارہ

فوٹوبشکریہ انسٹاگرام

بھارتی ٹیلی ویژن کی اداکارہ جیسمین بھاسن نے کیرئیر کی ابتداء میں پیش آنے والی جدوجہد سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آڈیشن میں کئی بار ناکامی پر خودکشی کے بارے میں سوچتی تھیں۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے 26سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں آڈیشن کے وقت کئی مرتبہ مسترد کیاگیا جس کی وجہ سے وہ خود پر اعتماد کھو  بیٹھی تھیں۔

جیسمین بھاسن کے مطابق انھوں نے ایک جنگجو کی طرح خودکشی کے حالات کا مقابلہ کیا اور  اپنی خامیوں کو قبول کرتے ہوئے اس تاریک اور مشکل مرحلے کو عبور کیا۔

 اداکارہ نے بتایا کہ جب میں ممبئی میں ایک جدوجہد کے سفر سے گزرہی تھی، وہ لڑائی میری خود سے تھی کیونکہ میں کہیں نہ کہیں اپنا اعتماد کھو رہی تھی۔

جیسمین کے مطابق انھیں لگتا تھا کہ ان میں خامیاں ہیں، ان کی جلد عیب دار ہے، ان کے نقوش اچھے نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں آئے روز مسترد کر دیا جاتا ہے، ان ہی چیزوں کی وجہ سے میرے ذہن میں خودکشی کے خیالات آتے تھے۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ خود کو قبول کرنے سے انہیں اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی کیونکہ انسان کی خامیاں ہی اسے دوسروں سے منفرد اور  مختلف بناتی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی اداکارہ جیسمین بھاسن کی مقبولیت کی وجہ بھارتی ٹیلی ویژن شو تشنِ عشق، دل سے دل تک، دل تو ہیپی ہے جی اور  ناگن 4 ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بگ باس سیزن 14میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔

مزید خبریں :