دنیا
Time 04 مئی ، 2021

دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی ایک ارب 16 کروڑ خوراکیں لگائی جاچکیں

2 مئی تک کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی ایک  ارب 16 کروڑ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔ 

اعداد وشمار کے مطابق  اس وقت دنیا کی آبادی 7 ارب 33 کروڑ ہے جب کہ کورونا ویکسین کی ایک ارب 16 کروڑ خوراکوں میں سے نصف خوراکیں صرف 3ملکوں چین، امریکا اور بھارت میں لگائی گئی ہیں۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں لوگ بڑھ چڑھ کر کورونا ویکسین لگوا رہے ہیں،کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے چین دنیا بھر میں سب سے آگے ہے جہاں اب تک کورونا ویکسین کی27 کروڑ 53لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

 امریکا میں اب تک24 کروڑ 55 لاکھ90 ہزار ،بھارت میں 15کروڑ 42 لاکھ، برطانیہ میں 4 کروڑ 98 لاکھ اور برازیل میں 4 کروڑ 31 لاکھ کی تعداد میں کورونا ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ 

دوسری جانب جرمنی میں3کروڑ ایک لاکھ، ترکی میں 2 کروڑ 30لاکھ، فرانس میں 2 کروڑ 22 لاکھ اور اٹلی میں 2 کروڑ7 لاکھ کورونا خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ 

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات میں کل آبادی کی تعداد سے بھی زیادہ ویکسین لگائی جاچکی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں کورونا ویکسین کی دوسری خوراک بھی بڑی تعداد میں لگائی جا چکی ہے۔

مزید خبریں :