امیتابھ بچن خیراتی کاموں میں حصہ نہ لینے پر خود پہ ہونے والی تنقید پر پھٹ پڑے

فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار  امیتابھ بچن کورونا وبا کے دوران فلاحی کاموں میں حصہ نہ لینے پر خود پر ہونے والی مسلسل تنقید پر بالآخر پھٹ پڑے۔

خیال رہےکہ بھارت ان دنوں کورونا وبا کی بدترین لپیٹ میں ہے،کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں کو  آکسیجن کی کمی سمیت دیگر طبی آلات کی قلت کا سامنا ہے جب کہ کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے بھی عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل  ہوگیا  ہے۔

ایسے میں بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور وہ اپنے کاموں کی تشہیر سوشل میڈیا پر بھی کررہے ہیں۔

بھارتی صارفین کی جانب سے کافی دنوں سے امیتابھ بچن کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا کیونکہ وبا کے دوران ان کی جانب سے کسی قسم کی کوئی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

مسلسل تنقید کے بعد اب امیتابھ بچن نے اپنی بلا گ پوسٹ میں ردعمل دیتے ہوئےکہا کہ وہ فلاحی کام بغیر بتائے اور بنا تشہیر کےکرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

 امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ مجھے یہ انتہائی معیوب اور شرمناک لگتا ہے ، میں خیراتی کاموں میں حصہ لیتا ہوں لیکن اس پر بات کرنے کے بجائے خاموش رہنا پسند کرتا ہوں اور عوام کے سامنے ایسا کرنے سے مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آئے روز ہونے والے سخت تنقیدی تبصروں پر میں نے یا میرے اہلخانہ نے کبھی توجہ نہیں دی، ہم یہ عرصے سے دیکھتے آرہے ہیں، ہماری طرف سے کوششیں جاری رہی ہیں جس کا علم صرف استفادہ کرنے والوں کو ہے۔

مزید خبریں :