شہبازشریف عیداور چھٹی والے دن بھی عمران خان کے اعصاب پر طاری ہیں، ن لیگ

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عید کی چھٹی والے دن کابینہ کی سرکولیشن کے ذریعے پارٹی کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی خبر پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دوست ممالک سرمایہ کاری نہیں بلکہ فطرانہ، زکوۃ، خیرات اور چاولوں کی بوریاں دے رہےہیں، اِس میں شہباز شریف کا کیا قصور ہے؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عید والے دن آٹا، چینی، بجلی، گیس اور دوائی سستی کرنے کی ہدایت نہیں دی، صرف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا، کاش چینی، بجلی، گیس،آٹا، دوائی مافیا، کارٹلز اور کمیشن خوروں کوگرفتار کرنے کا حکم دیتے۔

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ 14000 ارب کا قرض لوٹنے والوں، 450 ارب کی چینی، 250 ارب کا آٹا، 122 ارب کی ایل این جی چوری کرنے والوں کانام تو ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی ہے، عمران خان جان بوجھ کر توہین عدالت کر رہے ہیں، عدالت کاحکم ماننے سے دانستہ انکار عدالت کی توہین ہی نہیں بلکہ عدلیہ کے ادارے پر حملہ ہے۔ 

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف بڑی خوشی سےعوام، اپنے بچوں اور اہلِخانہ کے ساتھ عید منارہے ہیں، آپ کےاِس بغض، حسد، خوف کی کیفیت دیکھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔

مزید خبریں :