بغیر تکلیف کے موت کے منہ میں اتارنے والی مشین تیار کرنے کا دعویٰ

فوٹو فائل

آسٹریلوی ڈاکٹر، مصنف اور ایگزٹ انٹرنیشنل جیسے سماجی ادارے کے بانی ڈاکٹر فلپ نے ایک ایسی مشین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس سے لوگ آسانی سے بغیر تکلیف کے خودکشی کرسکیں گے۔

ڈاکٹر فلپ کا ادارہ ایگزٹ انٹرنیشنل کئی سالوں سے لوگوں کو مرتے وقت ہونے والی تکلیف سے بچانے کے اقدامات کررہا ہے کیونکہ اگر وہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد ہیں تو کسی نا کسی بیماری میں مبتلا ہوسکتے ہیں، اس وقت یہ مشین ان کے کام آئے گی۔

ڈاکٹر کا ماننا ہے کہ ہر بندے کی اپنی زندگی ہے، اسی لیے یہ انتخاب بھی اسی کا ہے کہ اسے زندہ رہنا ہے یا نہیں۔

ڈاکٹر فلپ نے اس مشین کو 'سارکو 'کا نام دیا ہے جو کہ لوگوں کو بغیر درد کے مرنے میں مدد دے گی۔

ڈاکٹر فلپ نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ آسٹریلیا میں ہزاروں افراد ایسے ہیں جو اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں لیکن طبعیت ناساز ہونے کے باعث وہ یہ انتہائی قدم نہیں اٹھا سکتے۔

یہ مشین کس طرح کام کرے گی؟

انہوں نے بتایا کہ جب آپ مشین کے اندر جائیں گے تو نائٹروجن گیس بھرنا شروع ہوجائے گی، ایک سے ڈیڑھ منٹ بعد ایسا لگے گا جیسے آپ کا سر گھوم رہا ہے اور کچھ منٹ بعد آپ بے ہوش ہوجائیں گے، صرف 5 منٹ میں انسان کی زندگی کا خاتمہ ہوجائے گا۔

ڈاکٹر فلپ نے یہ انکشاف کیا کہ اس مشین کی تخلیق کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے انہیں جان سے مار دینے کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں۔

مزید خبریں :