’خیر خواہ حکومت کو ہی عوام کی صحت کا اتنا خیال ہوسکتا ہے‘

فوٹو: انسٹاگرام

سینئر اداکارہ ریشم نے عالمی وبا کورونا کے خلاف ویکسی نیشن کے لیے حکومتی اقدامات کی تعریف کی ہے۔

گزشتہ روز ریشم نے کورونا ویکسین لگواتے ہوئے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی اور حکومت کی تعریف بھی کی۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ایک خیر خواہ حکومت کو ہی اپنی عوام کی صحت کا اس درجہ خیال ہوسکتا ہے کہ جیسا اس موجودہ حکومت نے ثابت کیا ہے۔

ریشم نے لکھا کہ کورونا کی ویکسین کے لیے لگائے گئے سینٹرز کی کارکردگی اتنی اچھی ہے کہ وہ لوگ جو یہ سمجھ رہے تھے کہ شاید ویکسین لگوانے کے لیے انہیں افراتفری کا سامنا کرنا پڑے گا، حکومتی سطح پر بہترین اقدامات کی بدولت آج وہ سب ہی لوگ مطمئن ہیں اور جوق در جوق ویکسین لگا بھی رہے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ میری بھی اپنے لوگوں سے یہ پُرزور اپیل ہے کہ صحت کے معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتیں کیونکہ آپ کی ذرا سی غفلت آپ کی یا آپ کے گھر والوں کی زندگی کا چراغ گُل کر سکتی ہے۔

ریشم نے عوام سے اپنی اور اہلخانہ کی صحت کا خیال رکھنے کی اپیل کی۔

مزید خبریں :