کراچی کے شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے کا انکشاف

کراچی کے شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے کا انکشاف ہوا ہے۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) پولیس نے کارروائی کرکے گاڑیاں چوری کرنے والے بین الصوبائی کارلفٹر گروہ کے کارندوں کو گرفتار کرلیا جن میں سرکاری ادارے کے 2 اہلکاروں سمیت 5 ملزمان شامل ہیں۔

ملزمان کی شناخت ساربان عرف پپو، راشد منہاس، ریحان، راناعثمان اور سرفراز کے نام سے ہوئی ہےجبکہ ملزمان کے قبضے سے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی 5 گاڑیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کی گاڑیاں چوری کرکے آن لائن ٹیکسی سروس اور رینٹ پر چلواتے تھے جبکہ ملزمان میں بلوچستان کا خریدار بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے 2021 میں بلدیہ ٹاؤن میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی گاڑی بھی حادثے میں مقام سے چوری کی اور اسے بلوچستان میں سستے داموں فروخت کردیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :