لاہور چیمبر آف کامرس کا انکم ٹیکس آرڈیننس203 (اے) واپس لینےکا مطالبہ

فنانس بل2021 کے ذریعےانکم ٹیکس آرڈیننس میں سیکشن203(اے) پر لاہور چیمبر آف کامرس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری واپس لینےکا مطالبہ کردیا۔

صدر لاہور چیمبر طارق مصباح کا کہنا ہےکہ یہ سیکشن ٹیکس حکام کومزید صوابدیدی اختیارات دےگا،ٹیکس کی عدم ادائیگی پرکارروائی شروع ہوتےہی متعلقہ شخص کو گرفتار کیاجاسکےگا۔

 طارق مصباح کا کہنا ہےکہ پہلےقانون تھاکہ ٹیکس چوری ثابت ہو، ٹیکس کورٹس فیصلہ دیں تو اسے ٹیکس آمدنی چھپانا قرار دیا جاتا تھا، پہلےہی مرحلے پرکسی دستاویز کو ٹیکس چوری قرار دینا انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے، اس لیے انکم ٹیکس آرڈیننس کا سیکشن 203 (اے) فی الفور واپس لیا جائے۔

تاجر رہنما میاں زاہد حسین  کا کہنا ہےکہ اسسٹنٹ کمشنرکو ٹیکس نادہندہ کو گرفتار کرنے کے اختیارات سے کرپشن کا دروازہ کھلےگا جس سے ٹیکس نیٹ میں اضافے کے بجائے مزید کمی کا خدشہ ہے۔

تاجر رہنما زبیر موتی والا نے بھی وزیر خزانہ سے سیکشن203(اے) فوری واپس لینےکا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہےکہ اس کے بہت زیادہ منفی اثرات ہوں گے۔

مزید خبریں :