پارلیمنٹ مچھلی منڈی بن گئی، کسی کو بھی عوام کی کوئی پروا نہیں، نور عالم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے پارلیمنٹ میں دھینگا مشتی پر تنقید کی ہے۔

اپنے بیان میں نور عالم خان کا کہنا تھاکہ تین سال میں پارلیمنٹ مچھلی منڈی بن گئی ہے، ایوان میں کسی کو بھی عوام کی کوئی پروا نہیں، پارلیمنٹ کو صرف حکومت اور اپوزیشن کی شخصیات کے تحفظ میں دلچسپی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ارکان پارلیمنٹ صرف عوام کا پروا کرتے ہیں شخصیات کی نہیں۔

نورعالم خان کا کہنا تھاکہ آج پارلیمنٹ میں کیسے چیزیں چل رہی ہیں، کسی کو آٹا، چینی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی پروا نہیں، کسی کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی پروا نہیں، یہ گالم گلوچ کو پسند کرتے ہیں، اللہ ہم پر اور عوام پر رحم فرمائے۔

ان کا کہنا تھاکہ کسی کے بھی فنانسردوستوں کو نا بخشا جائے، ہمارا ایجنڈا عوام کیلئے سوچنا اور ان کی خدمت ہوناچاہیے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا آج مسلسل دوسرے روز بھی اجلاس ہنگامہ آرائی کی نظر ہوگیا اور وفاقی وزراء و حکومتی ارکان نے شور شرابہ کرکے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تقریر نہ کرنے دی۔

ایوان میں ایک دوسرے پر ناصرف بجٹ کی کاپیاں ماری گئیں بلکہ گالم گلوچ بھی کی گئی۔

مزید خبریں :