’ترکی میں ہیرے کی انگوٹھیاں اور چین لاکٹ چوری ہوگیا‘

فوٹو: انسٹاگرام

میزبان ندا یاسر نے ترکی کے دورے کے دوران ہیرے کی انگوٹھیوں اور چین لاکٹ کی چوری کا واقعہ مداحوں سے شیئر کردیا۔

ندایاسر نے نجی ٹی وی چینل سے نشر کیے جانے والے مارننگ شو کے دوران گفتگو میں بتایا کہ حال ہی میں جب وہ شوہر یاسر نواز کے ہمراہ ترکی چھٹیاں منانے گئیں تو انہیں ایک خیر خواہ نے بتایا کہ پاکستان تو خوامخواہ بدنام ہے، اس کے برعکس استنبول میں کافی چوریاں ہوتی ہیں لہٰذا اپنے پرس کا خیال رکھنا۔

ندا یاسر نے بتایا کہ انہیں سونے کے زیورات کا چونکہ اتنا شوق نہیں لہٰذا چند ایک ہیرے کی انگوٹھیاں ہی تھیں جو ان کے پاس پڑی تھیں اور وہ 3 ہیرے کی انگوٹھیاں اور ہیرے کا چین لاکٹ پہن کر استنبول گئی تھیں۔

میزبان کا کہنا تھا کہ استنبول میں انہوں نے وہ انگوٹھیاں اور پینڈینٹ اتار کر اپنے پرس میں رکھ دیں اور پرس کو ہوٹل کے کمرے کی الماری میں رکھا، جب 3 دن بعد انہوں نے واپس آنے کے لیے وہ انگوٹھیاں اور پینڈیٹ نکال کر پہننا چاہا تو وہ جیولری کا پاؤچ ہی پرس سے غائب تھا۔

ندا یاسر نے بتایاکہ  بعد ازاں وہ ایف آئی آر کے لیے ترکی کے تھانے گئیں اور 4 گھنٹے تک صرف اپنا نمبر آنے کا انتظار کیا، طویل انتظار کے بعد ایف آئی آر تو درج ہوگئی لیکن اس کے اگلے دن وہ پاکستان واپس آگئیں۔

انہوں نے مزید کہا اگرچہ ترکی میں تفتیش کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس کے باوجود مطمئن نہیں لہٰذا وہ اب ترکی میں موجود پاکستانی سفارتخانے کو ای میل کریں گی کہ وہ اس حوالے سے ان کی مدد کریں۔

مزید خبریں :