کھیل
Time 17 جون ، 2021

پی ایس ایل6 ،کراچی کنگز نےلاہور قلندرز کو دلچسپ مقابلےکے بعد7 رنز سے ہرادیا

فوٹو: پی ایس ایل آفیشل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 6 کے 27 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7 رنز سے ہرادیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

 کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان تو 13 رنز بناکر لوٹ گئے لیکن پھر بابر اعظم اور مارٹن گپٹل نے شاندار بیٹنگ کی ، دونوں نے اسکور 109 تک پہنچا دیا ، گپٹل 43 رنز بنا گئے ، لیکن اس کے بعد نجیب اللہ صفر ، والٹن 10 رن بناکر لوٹ گئے۔

 بابر اعظم کی 54رنز کی اننگز راشد خان نے تمام کی ، آخری اوورز میں عماد وسیم اور دانش عزیز نے تیزی سے رنز بڑھائے اور اسکور 5 وکٹ پر 176 تک پہنچا دیا ، عماد 30 اور دانش 16رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ،قلندرز کی جانب سے راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں لاہور قلندرز کے اوپنرز فخر زمان اور سہیل اختر نے 38رنز کا آغاز فراہم کیا ، کپتان 21 اور فخر 19رنز بنا کر لوٹ گئے ، آغا سلمان ایک اور بین ڈنک 6 رن بنا کر لوٹ گئے۔

محمد حفیظ بھہ 36 رنز بنا کر نوجوان اسپنر نور احمد کا شکار بن گئے ، 92رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد ٹم ڈیوڈ اور جیمز فوکنر نے جارحانہ بیٹنگ کی اور میچ کو دلچسپ بنا دیا۔

 ٹم ڈیوڈ 14 گیندوں پر 34 رنز بنا گئے ، فوکنر کی 18 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز الیاس نے تمام کی ، پھر راشد خان نے بھی 11 رن بنائے لیکن ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 169 رنز تک پہنچ سکی ۔

کنگز کے محمد الیاس اور نور احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، عماد وسیم اور عباس آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی ۔

 سات رنز کی کامیابی کے ساتھ کراچی کنگز کے پوائنٹس کی تعداد ملتان کے برابر 8 ہوگئی جب کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے 10،10 پوائنٹس ہیں  اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔

 کراچی کنگزمیں کپتان عماد وسیم ، بابراعظم ،شرجیل خان ،نجیب اللہ زدران ، نور احمد، مارٹن گپٹل ،جیڈوک والٹن ،محمد عباس ،دانش عزیز، محمد عامراور محمد الیاس شامل تھے۔

لاہورقلندرز کی ٹیم میں سہیل اختر ، فخرزمان ،آغاسلمان ، محمد حفیظ، بین ڈنک، جیمز فوکنر ، راشدخان ، احمد دانیال ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔

مزید خبریں :