دنیا
Time 19 جون ، 2021

ایران کے صدارتی انتخابات میں ابراہیم رئیسی نے کامیابی حاصل کرلی

فائل فوٹو

ایران کے صدارتی انتخابات میں ابراہیم رئیسی نے کامیابی حاصل کرلی۔

ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے سپریم لیڈر خامنہ ای کے اہم ساتھی قدامت پسند ابراہیم رئیسی کی الیکشن میں کامیابی کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ صدارتی الیکشن میں حصہ لینے والے رئیسی کے تین مدمقابل امیدواروں نے شکست تسلیم کرتے ہوئے انہیں کامیابی پر مبارکباد بھی دی ہے۔

60 سالہ ابراہیم رئیسی ایران کے اعلیٰ ترین جج ہیں اور وہ امریکی پابندیوں کی زد میں ہیں، انہیں 2019 میں جوڈیشری کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

ایرانی صدر کے عہدے سے دستبردار ہونے والے حسن روحانی نے سرکاری ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ الیکشن میں ملک کے نئے صدر کا انتخاب کرلیا گیا ہے تاہم انہوں نے جیتنے والے امیدوار کا نام نہیں لیا۔

حسن روحانی کا کہنا تھا کہ میں عوام کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دیتا ہوں تاہم ہم جانتے ہیں کہ الیکشن میں کس نے زیادہ ووٹ لیے اور کسے عوام کی جانب سے آج منتخب کیا گیا۔

ایرانی صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے محسن رضائی، امیر حسین اور عبدالنصیر ہمتی نے ابراہیم رئیسی کو مبارکباد دی ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ابتدائی نتائج میں ابراہیم رئیسی کو 62 فیصد حمایت ملی تاہم الیکشن کا سرکاری نتیجہ وزرت داخلہ جاری کرے گی۔

مزید خبریں :