آن لائن گیم کا نشہ، بچے نے ماں کا زیور ہی بیچ دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آج کل بچوں میں آن لائن گیمز کا شوق اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اچھے اور برے کی تمیز کیے بغیر وہ اس ٹرینڈ کے پیچھے چل پڑے ہیں۔

اسی حوالے سے بھارتی شہر دہلی میں ایک واقعہ پیش آیا جہاں 12 سالہ بچے نے گیم کی خاطر غلط قدم اٹھایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بچہ آن لائن گیم فری فائر کھیلنے میں مصروف تھا کہ اس دوران اسے گیم میں کچھ ہتھیار خریدنے کیلئے پیسوں کی ضرورت پڑی اور اگر وہ ہتھیار نہ خریدتا تو گیم مزید نہیں کھیل سکتا تھا۔

گیم اپ ڈیٹ کرنے کیلئے بچے نے پہلے اپنے والد کی جیب سے کچھ پیسے نکالے جو پورے نا تھے، بعدازاں اس نے اپنی ماں کی سونے کی چین چوری کی اور اسے 20 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔

رپورٹ کے مطابق پکڑے جانے کے ڈر سے بچہ گھر سے فرار ہوگیا اور دہلی سے بذریعہ ٹرین علی گڑھ پہنچ گیا جہاں اسے ایک مسافر نے پلیٹ فارم پر دیکھا تو مشکوک جان کر فوری طور پر ریلوے پروٹیکشن فورس کو مطلع کیا۔

ریلوے پولیس نے بچے سے تفتیش کی جس پر اس نے جرم کا اعتراف کیا، پھر اس معاملے کی بچے کے والدین کو خبر کی گئی جس کے بعد وہ فوری طور پر علی گڑھ پہنچ گئے۔

بچے کے والد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے اسے موبائل لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاسز لینے کیلئے دیا تھا لیکن اس نے گیمز کھیلنا شروع کردیں۔