پاکستان
Time 13 جولائی ، 2021

عمران خان مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک کر آگئے، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو کشمیرکا مجرم قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ عمران خان مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک کر آگئے، اب کہہ رہے ہیں کہ کیا کروں؟

کوٹلی، آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق مقبوضہ کشمیر،عمران خان کی اجازت سے بھارت کے پاس گیا ہے، عمران خان نے کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ دیا تھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک کر آگئے، اب کہہ رہے ہیں کہ کیا کروں؟ ان کے وزرا کس منہ سے آزاد کشمیر میں کامیابی کا دعویٰ کر رہے ہیں،کشمیر کل بھی نوازشریف کا تھا اور آج بھی نوازشریف کا ہے، اگر الیکشن چوری کیا گیا تو کشمیری آخری حد تک جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ایسی ڈھٹائی ہےکہ اب بھی ووٹ مانگنےکشمیر آرہے ہیں، جہاں گئی ایک ہی نعرہ سننے کو ملا گو عمران گو،عمران خان کے اس دھرتی پر قدم رکھنےسے پہلے ہی عوام کہہ رہےہیں گو عمران گو۔

انہوں نے مزیدکہا کہ عمران خان 22کروڑ عوام کا سکون تباہ کرکے بیٹھا ہے،جب صبح اٹھتے ہیں تو چینی، آٹا،گھی، پیٹرول ، بجلی اور گیس مہنگی ہونےکا سنتے ہیں،آزاد کشمیر میں آنےکی تیاری کرنے والے نے عوام کو رمضان میں ایک کلو چینی کے لیے لائنوں میں کھڑا کیا،کیا آپ بھی چینی کے لیےلائن میں لگنا چاہتےہیں۔

مزید خبریں :