کھیل
Time 14 جولائی ، 2021

اولمپکس میں شرکت کرنے والے برطانوی دستے میں بہن بھائیوں کے 8 جوڑے شامل

3 جڑواں بھی ہیں، 2016 کے ریو اولمپکس میں برطانوی دستے میں بھائی بہنوں کے 6 جوڑے تھے— فوٹو: بشکریہ ٹیلی گراف
 3 جڑواں بھی ہیں، 2016 کے ریو اولمپکس میں برطانوی دستے میں بھائی بہنوں کے 6 جوڑے تھے— فوٹو: بشکریہ ٹیلی گراف

رواں ماہ جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہونے والے المپکس میں شرکت کرنے والے برطانوی دستے میں بہن بھائیوں کے 8 جوڑے شامل ہیں جن میں 3 جڑواں بھی شامل ہیں۔

ٹوکیو اولمپکس کے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں یہ بہن بھائیوں کے جوڑے شرکت کریں گے جن میں سوئمنگ، سائیکلنگ، باکسنگ، کشتی رانی، جمناسٹک اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔

اس سے قبل 2016 کے ریو اولمپکس میں برطانوی دستے میں بھائی بہنوں کے 6 جوڑے تھے اور اس بار یہ تعداد بڑھ گئی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔

ٹوکیو اولمپکس میں ٹام اور ایمیلی فورڈ روئنگ کے کھیل میں حصہ لیں گے جبکہ شارلے اور ان کی بہن ماتھیلڈا ہاجکنز بائرن بھی اسی کھیل میں حصہ لیں گی۔

اس کے علاوہ دو بھائی جوئے اور میکس لچ فیلڈ سوئمنگ میں برطانیہ کی نمائندگی کریں گے جبکہ سائیکلنگ میں ایڈم اور ان کے بھائی سائمن ییٹس حصہ لیں گے۔

لیوک اور پیٹ میک کارمیک باکسنگ رنگ میں اتریں گے جبکہ ہنا اور جوڈی ولیمز ایتھلیٹکس میں برطانیہ کی نمائندگی کریں گی۔ بہنیں ٹفینی پورٹر اور سنڈی سیمبر ایتھلیٹکس ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ جیسیکا اور جینیفر گاڈیرووا جمناسٹک میں حصہ لیں گی۔

اس کے علاوہ بہن بھائی کا ایک اور ممکنہ جوڑا بن بن سکتا ہے کیوں کہ ہنا مارٹن برطانوی خاتون ہاکی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ان کے بھائی ہیری کو مردوں کی ٹیم میں ریزرو کھلاڑی رکھا گیا ہے۔ اگر وہ میچ کھیلے تو یہ نواں جوڑا ہوگا جو اولمپکس میں برطانوی ٹیم کی نمائندگی کرےگا۔

ٹوکیو اولمپکس کے مقابلے رواں ماہ کی 23 تاریخ سے 8 اگست تک بغیر تماشائیوں کے ہوں گے۔

خیال رہے کہ اولمپکس کا آغاز گذشتہ سال ہونا تھا جس کو جاپان میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :