بھارتی نوجوان کے منہ کا آپریشن کرکے 82 دانت نکال دیے گئے

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی شہر پٹنا میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں 17 سالہ لڑکے کے منہ سے 82 دانتوں کے خاتمے کے لیے کامیاب آپریشن کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نتیش کمار نامی نوجوان گزشتہ 5 سالوں سے 'اوڈونٹوما' کے مرض میں مبتلا تھا جو کہ ٹیومر کی ایک قسم ہے جس میں دانتوں کی غیر معمولی نشوونما ہوتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ کئی سالوں سے علاج نا کروانے کی صورت میں نتیش کی حالت بگڑ گئی تھی جو آپریشن کے بغیر ٹھیک نہیں ہوسکتی تھی، نتیش کے نچلے حصے کے جبڑے عام لوگوں سے مختلف تھے جو اس کے چہرے پر واضح تھے۔

اِندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹر پریانکر سنگھ نے بتایا کہ جب نتیش ہمارے پاس آیا تو اس نے جبڑے کی سوجن اور اپنی تکلیف کے بارے میں ہمیں بتایا، جانچ کے بعد پتا چلا کہ اسے اوڈونٹوما ٹیومر ہے جو کہ دانتوں کی نشوونما کرنے والے مادے  میں خرابی کی وجہ سے ہوا۔

ڈاکٹرز نے بتایا کہ تین گھنٹے کے دوران دونوں جبڑوں میں پھیلنے والے ٹیومر کی سرجری کی گئی جس کے بعد نتیش کے منہ سے ان اضافی دانتوں کو ختم کردیا گیا ہے اور اب وہ بالکل صحتمند اور تندرست ہے۔

مزید خبریں :