پاکستان
Time 18 جولائی ، 2021

کسی جج کو فون نہيں کرتا کہ 3 نہیں پانچ سال سزا دو، عدالتیں آزاد ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں جلسہ عام سے خطاب میں ایک بار پھر سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جلسے سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کوئی بھیک مانگنے اور قرض لینے والے کی عزت نہیں کرتا، انسانوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے والے کی کوئی عزت نہیں کرتا جو ملک اپنے پیر پر کھڑا نہیں ہوتا اس کی عزت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی مخالفین بھی عزت کرتے تھے، ہم نے عظیم قوم بننا ہے خود کو بھی بدلنا ہے اور ملک کو بھی بدلنا ہے، ہمیں سچ بولنا ہے، امانت دار ہونا ہے، سچے اور انصاف کرنے والے شخص کی عزت ہوتی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ آپ جسے ووٹ ڈال رہے ہیں کیا اس جماعت کا لیڈر سچا اور ایماندار ہے؟ 

ان کا کہنا تھاکہ میں کسی جج کو فون کر کے نہیں کہتا ہے تین نہیں پانچ سال سزا دو، کس سے ڈر رہے ہو، یہاں عدالتیں آزاد ہیں، ہمارے وزیر بھی جیل میں ہیں، اگر ہم نیب کو کنٹرول کرتے تو اپنے وزیر جیل میں نہیں ڈالتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کو عمران خان کنٹرول نہیں کرتا، جب عدالتیں آزاد ہیں تو ملک سے بھاگے ہوئےکیوں ہیں؟ 

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی جھوٹ بول کر بالی وڈ کی ایکٹنگ کرکے بیمار بن کے باہر چلا گیا، اس نے ایسی اداکاری کی کہ ہماری کابینہ کی خواتین نے اس کی شکل دیکھ کر رونا شروع کردیا لیکن  جیسے ہی لندن کی ہوا لگی، اِدھر سے ایک نواز شریف گیا تھا، اُدھر سے دوسرا نواز شریف اترا۔

ان کا کہنا تھاکہ کمزور جیل میں جائے اور طاقتور این آر او لے کر باہر چلا جائے، پوتے کا پولو میچ دیکھے، بادشاہوں والے کھیل کا پیسہ کہاں سے آيا؟ یہ آپ کا پیسہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ دنیا میں جو ملک غریب ہیں وہاں بھی آصف زرداری اور نواز شریف جیسے لوگ بیٹھے ہیں جہاں آپ کو غربت ملے وہاں قانون کی نہیں طاقت کی حکمرانی ملے گی۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ ہوسکتا ہے کہ تحریک انصاف میں کسی دو نمبر آدمی کو ٹکٹ دے دیا ہو لیکن جب وہ خود چوری نہیں کریں گے تو کسی اور کو کیسے کرنے دیں گے؟

وزیراعظم نے مزید کہا کہ نواز شریف مسئلہ کشمیر پر اس لیے نہیں بولتے تھے کہ مودی ناراض نہ ہوجائے، میں نے ہر فورم پر کشمیر کا کیس لڑا ہے اور دنیا کو بتایا ہے کہ بھارت میں آر ایس ایس کی نسل پرست حکومت ہے جو دیگر شہریوں کو برابر تسلیم نہيں کرتی، بھارت نے جو کرنا تھا کرلیا، وہ ناکام ہوگا۔

مزید خبریں :