پاکستان
Time 21 جولائی ، 2021

نامور صحافی عارف نظامی انتقال کر گئے

لاہور: نامور پاکستانی صحافی اور سابق نگراں وفاقی وزیر عارف نظامی انتقال کر گئے۔

عارف نظامی انگریزی اخبار پاکستان ٹوڈے کے بانی و ایڈیٹر اور نوائے وقت اخبار گروپ کے بانی حمید نظامی کے بیٹے تھے۔

عارف نظامی گزشتہ دو ہفتوں سے لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔

عارف نظامی کے بھانجے بابر نظامی نے بھی سینئر صحافی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔

صدر، وزیراعظم اور دیگر کا اظہار  تعزیت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور  وفاقی وزراء نے نامور صحافی عارف نظامی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عارف نظامی کا انتقال سے دل بجھ گیا ہے، عارف نظامی کا انتقال صحافی برادری کا بڑا نقصان ہے، ان کی رحلت سے  پاکستان کی صحافت کا بڑا باب بند ہو گیا ہے۔  

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر اے پی این ایس سرمد علی، سابق صدر آصف علی زرداری، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے بھی سینئر صحافی عارف نظامی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

عارف نظامی نے خاندانی اختلافات کے باعث 2010 میں انگریزی اخبار 'دی نیشن' کو خیر باد کہہ کر 'پاکستان ٹو ڈے' کی بنیاد رکھی تھی۔

2013 میں عارف نظامی کو نگراں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و  پوسٹل سروسز بنایا گیا اور 2015 میں آپ نجی ٹی وی چینل 'چینل 24' کے سی ای او بنے جہاں سے آپ ایک پروگرام کی میزبانی بھی کرتے تھے۔

مزید خبریں :