دنیا
Time 21 جولائی ، 2021

شاہ رخ خان سے ملاقات کا جھانسہ دے کر اسمگل کی گئی لڑکی بازیاب

رپورٹس کے مطابق لڑکی شاہ رخ خان کی مداح تھی اور اپنے پسندیدہ اداکار سے ملنا چاہتی تھی —فوٹو:فائل
رپورٹس کے مطابق لڑکی شاہ رخ خان کی مداح تھی اور اپنے پسندیدہ اداکار سے ملنا چاہتی تھی —فوٹو:فائل

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی 17 سالہ لڑکی کو  بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان سے ملاقات کا جھانسہ دیکر   ممبئی اسمگل کیا جارہا تھا  جسے ممبئی پولیس نے  بر وقت کارروائی کرتے  ہوئے بازیاب کرا لیا۔

رپورٹس کے مطابق  لڑکی شاہ رخ خان کی مداح تھی اور اپنے پسندیدہ اداکار سے ملنا چاہتی تھی۔

 پولیس کی جانب سے بازیاب کرائے  جانے کے بعد لڑکی کو ایک شیلٹر ہوم بھیج دیا گیا ہے جبکہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے  جس کی شناخت سبحان شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق   لڑکی 12ہویں جماعت کی طالبہ ہے، اس نے فیس بک کے ذریعےملزم سے دوستی کی  جس نے لڑکی سے  جھوٹ بولا اور خود کو ایک  ایونٹ منیجر   ظاہر کیا۔

15 جولائی کو   ملزم  پالشیپارہ پہنچا  اور  لڑکی کو اس کی کوچنگ کلاس سے لیا اور کولکتہ  لے گیا،جہاں سے وہ  ہوورا  سے لڑکی کو ممبئی لے کر جا رہاتھا۔

ادھر  لڑکی کے والدین نے پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کروا دی تھی جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور لڑکی  کی تصویر ہر جگہ شیئر کردی  اور تمام ریلوے اسٹیشنوں کو الرٹ کردیا گیا تاہم  اتوار کے روز  لڑکی کو ہوورا جنکشن سے ٹرین میں  سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے  پہچانا گیا۔

اس کے بعد لڑکی کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا اورملزم کو گرفتار کرلیا۔

مزید خبریں :