کھیل
Time 28 جولائی ، 2021

بابر کے مقابلے میں کوہلی آؤٹ ہوجائے تو بھی بھارت جیت جاتا ہے، سلمان بٹ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ نے کہا ہے کہ میچ میں اگربھارتی کپتان ویرات کوہلی ناکام ہوجائیں تب بھی ان کی ٹیم جیتنے کے قابل ہوتی ہے۔ فوٹو: جیو سپر
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ نے کہا ہے کہ میچ میں اگربھارتی کپتان ویرات کوہلی ناکام ہوجائیں تب بھی ان کی ٹیم جیتنے کے قابل ہوتی ہے۔ فوٹو: جیو سپر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ نے کہا ہے کہ میچ میں اگربھارتی کپتان ویرات کوہلی ناکام ہوجائیں تب بھی ان کی ٹیم جیتنے کے قابل ہوتی ہے۔

ایک ویڈیو میں بابر اور کوہلی کے درمیان موازنے سے متعلق مباحثے میں گفتگو  کرتے ہوئے سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی کپتان کے مقابلے  میں  بابر اعظم کے پاس بیٹنگ میں ٹیم کی حمایت حاصل نہیں ہے جو کوہلی کی بہترین کارکردگی کو میچ  وننگ پرفارمنس میں تبدیل کر دیتی ہے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ  کوہلی کے پاس مکمل فریم ورک موجود ہونے کے ساتھ شاندار کھلاڑیوں پر مشتمل ایک جھرمٹ  بھی ہے جس کی بدولت میچ میں کوہلی کی بلے بازی میں ناکامی کے باوجود دیگر کھلاڑی میچ جتانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ویرات کوہلی بہت تجربہ کار  جبکہ بابر نسبتاً نئے کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن انہیں ابھی سفر طویل طے کرنا ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے مابین مستقل مماثلت کرنے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوہلی کے پاس بھارتی ٹیم کی ٹھوس بیٹنگ لائن اپ کی حمایت حاصل ہے جبکہ دوسری جانب  قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو میچ میں اکیلے ہی لڑنا پڑتا ہے کیونکہ قومی ٹیم کا بیٹنگ کا شعبہ بھارتی ٹیم کے مقابلے میں بہت کمزور ہے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ بابر اعظم کو بیٹنگ میں محمد رضوان سے مدد حاصل ہو جاتی ہے بصورت دیگر  باقی تمام کھلاڑی ایک عرصے بعد اچھی کارکردگی انجام دے پاتے ہیں، اس کھیل میں کوئی فرد واحد نہیں بلکہ پوری ٹیم کو مل کر مشترکہ محنت کی بنیاد پر کام کرکے فرق پیدا کرنا پڑتا ہے۔

مزید خبریں :