کھیل
Time 29 جولائی ، 2021

'سان مارینو' اولمپکس کی تاریخ میں میڈل حاصل کرنے والا سب سے چھوٹا ملک

سان مارینو کی خاتون کھلاڑی ایلسنڈرا پیرلی نے شوٹنگ کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا اور اپنے ملک کو یہ اعزاز دلوایا— فوٹو/ اے پی
سان مارینو کی خاتون کھلاڑی ایلسنڈرا پیرلی نے شوٹنگ کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا اور اپنے ملک کو یہ اعزاز دلوایا— فوٹو/ اے پی

یورپی ملک سان مارینو اولمپکس کی تاریخ میں میڈل حاصل کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک بن گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں سان مارینو کی خاتون کھلاڑی ایلسنڈرا پیرلی نے شوٹنگ کے مقابلوں میں کانسی ( برانز) کا تمغہ (میڈل)  حاصل کیا۔

33 سالہ   ایلسنڈرا پیرلی  اپنے ملک کی جانب سے اولمپک 2020 میں شریک 5 کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے پہلی بار اپنے ملک کے لیے کوئی اولمپک میڈل حاصل کیا ہے، سان مارینو نے پہلی بار 1960 میں روم اولمپکس میں حصہ لیا تھا۔

خاتون شوٹر کی جانب سے کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد سان مارینو اولمپک کی تاریخ میں کوئی بھی میڈل حاصل کرنے والا سب سے چھوٹا ملک بن گیا ہے۔

 خیال رہےکہ صرف 34 ہزار نفوس پر مشتمل سان مارینو کا شمار دنیا کے انتہائی چھوٹے ممالک میں ہوتا ہے۔

چاروں طرف سے اٹلی کی حدود میں گِھرے اس ننھے سے ملک کا کل رقبہ صرف 13 کلومیٹر ہے تاہم  اسے دنیا کی قدیم ترین جمہوری ریاست ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

واضح رہے کہ برمودا  اولمپکس کی تاریخ میں گولڈ میڈل جیتنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے جس نے حال ہی میں  خواتین کے ٹرائی تھلون کے مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔

برمودا کی آبادی تقریباً 62000 نفوس پر مشتمل ہے، اس سے قبل برمودا کے باکسر کلیرنس ہل نے 1976 میں مونٹریال اولمپک میں مردوں کے 81 کلوگرام ہیوی ویٹ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

 برمودا کے علاوہ فلپائن نے بھی گزشتہ روز ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا جو اس کا اولمپکس کی تاریخ میں پہلا سونے کا تمغہ ہے۔

مزید خبریں :