دنیا
Time 31 جولائی ، 2021

کینیڈا: ویکسین کی جعلی دستاویزات دینے پر 2 امریکی مسافروں پر 19500 ڈالر کا جرمانہ

فوٹو: غیر ملکی میڈیا
فوٹو: غیر ملکی میڈیا

گزشتہ ہفتے امریکا سے ٹورنٹو آنے والے دو مسافروں پر کووڈ ویکسی نیشن کی جعلی دستاویزات فراہم کرنے اور ٹیسٹ کے بارے میں جھوٹ بولنے پر انتظامیہ نے بھاری جرمانہ عائد کردیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق کینیڈا کی ہیلتھ ایجنسی نے بتایا کہ مسافروں نے احکامات کی خلاف ورزی کی اور حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے ہوٹل میں رہائش اختیار نہیں کی اور نا ہی ٹورونٹو پہنچنے پر کووڈ کا ٹیسٹ کروایا۔

ہیلتھ ایجنسی کے مطابق دونوں مسافروں پر کل 4 جرمانے عائد کیے گئے جس کے تحت دونوں کو انفرادی طور پر 19,720ڈالر ( 31 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) ادا کرنے ہوں گے۔

کینیڈا نے 5 جولائی سے ویکسین شدہ کینیڈین اور غیر ملکی شہریوں کے لیے ملک میں داخل ہونے اور قرنطینہ کی شرط میں نرمی کردی تھی اور حکومت کی جانب سے ہدایات دی گئی تھیں کہ ہر شخص کو ویکسی نیشن کی دستاویزات ثبوت کے طور پر ArriveCAN ایپ پر پوسٹ کرنا ہوں گے۔

مقامی ہیلتھ ایجنسی کے مطابق کینیڈا میں داخل ہوتے وقت قرنطینہ سے متعلق دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنیوالے شخص پر ہر دن کے حساب سے 5،000 ڈالر جرمانہ عائد ہوگا جبکہ اسے 6 ماہ قید یا 750000 ڈالر جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :