پنجاب اسمبلی میں ارکان اسمبلی استحقاق ترمیمی ایکٹ دوبارہ منظور

پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی استحقاق ترمیمی ایکٹ2021 دوبارہ منظورکرلیا۔

پرائیویٹ ممبر ڈے پرآج ایوان میں دوبارہ رکن پنجاب اسمبلی ساجد بھٹی نے بل پیش کیا جسے تمام ارکان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

بل کے مطابق ارکان اسمبلی استحقاق ایکٹ کا صحافیوں پراطلاق نہیں ہوگا جبکہ استحقاق ایکٹ کے تحت بیوروکریسی معزز ارکان اور ایوان کا استحقاق مجروح کرنے پر جوابدہ ہوگی۔

بل کی منظوری کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ بل کے معاملے پر صرف دو یا تین بیورکریٹس نےمسئلہ پیدا کیا جبکہ ریسکیو کے معاملے پر بھی بیورکریٹ نےکام خراب کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی میں بیوروکریٹ استحقاق کمیٹی کے حکم پر دوڑے چلے جاتے ہیں لیکن اب بل کی منظوری سےبیوروکریٹ میں جرات نہیں ہوگی وہ ممبرکی بات نہ سُنے، بیوروکریسی کی بدمعاشی اب نہیں چلنےدیں گے۔

چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا تھاکہ پہلے بیوروکریٹ کی منتیں کرتےتھےاب یہ ہماری منتیں کریں گے، دوسال رہ گئے، اب بیوروکریسی ہمیں ڈیلیورکرکے دکھائے، بیوروکریسی ہمیں جواب دہ ہے۔

اسپیکرکی تقریرکے دوران اپوزیشن نے چوہدری پرویزالٰہی کیلئے ’شیر شیر‘ کے نعرے لگائے۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی نےاستحقاق ایکٹ ترمیمی بل14 جولائی کومنظورکیا تھا تاہم گورنرپنجاب نے 23 جولائی کو بل پر اعتراضات لگاکرکراسمبلی کوواپس بھجوایا تھا۔

مزید خبریں :