لوگوں کو جان کی نہیں سِم کی پرواہ ہے، مرتضٰی وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب کا کہنا ہےکہ لوگوں کو جان کی نہیں سِم کی پرواہ ہے ، سندھ حکومت کا ویکسینیشن کےلیے لاک ڈاؤن کا اعلان گیم چینجر ثابت ہوا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ  لوگ بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین لگوانے کے لیے  نکل رہے ہیٕں، کراچی میں پہلے ایکسپو سینٹر میں 24 گھنٹے ویکسینیشن کی جارہی تھی، اب 11 مقامات پر 24 گھنٹے ویکسینیشن سینٹرکام کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لوگوں کو جان کی نہیں سم کی پرواہ ہے،2 لاکھ 22 ہزار لوگوں نے کل ویکسینیشن کرائی ہے،  شہری  ویکسینیشن کے لیے آتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین تنقید کرنے اور لوگوں کو اکسانے کے بجائے عوام کو ایس او پیز پر عمل در آمد کے لیے قائل کریں، سندھ کے ہر بندے کو گھر گھر جا کر ویکسین فراہم کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے عوام کو سینٹرز  پر ہی آکر ویکسین لگوانی ہوگی۔

وفاقی حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ساری بات مانتے ہیں، لیکن بات ماننے میں دیر کرتے ہیں، کراچی سے لوگ گلگت بلتستان گئے، واپس آئے تو کورونا مثبت تھے،  اگر بروقت فیصلے کرلیں تو صورتحال کنٹرول میں رہ سکتی ہے، آج بھی باہر سے آنے والوں کے لیے ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی قرار نہیں دیا گیا، ائیرپورٹ پر کنٹرول کیا ہوتا تو شاید ڈیلٹا ویرینٹ نہ پھیلتا۔

مزید خبریں :